یورپی سرمایہ کاری بینک (EIB) نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 160 ملین یورو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور شہری بنیادی سہولیات میں بہتری لانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس پیکیج میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ملین یورو مختص کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں تباہ شدہ گھروں کی تعمیر نو کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ منصوبے کا ہدف صوبے میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنا ہے۔
مزید برآں کراچی میں صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 60 ملین یورو مختص کیے گئے ہیں۔ اس سرمایہ کاری کے تحت شہر میں دو جدید فلٹریشن پلانٹس قائم کیے جائیں گے، جن سے تقریباً 22 لاکھ شہریوں کو روزانہ پینے کے لیے صاف پانی میسر آئے گا۔ منصوبے کے ذریعے روزانہ کروڑوں لیٹر پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
یہ منصوبے یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کے تحت پاکستان میں پائیدار ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے دوران ان معاہدوں کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ یورپی سرمایہ کاری بینک کے حکام نے کہا کہ پاکستان میں نئی سرمایہ کاری سے ترقیاتی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی، جبکہ کمزور طبقات کے لیے محفوظ رہائش، صاف پانی اور ماحول دوست ترقیاتی معیارات کو ترجیح دی جائے گی۔
بینک حکام کے مطابق ان منصوبوں میں عوامی شمولیت، پائیدار تعمیراتی اصولوں اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ متاثرہ آبادی کو دیرپا سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






