میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر قائد میں شہری سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کو بہتر بنانے کے لیے لاہور کی حکمت عملی سے استفادہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان کا لاہور کا دورہ کراچی کے لیے مؤثر شہری ترقیاتی ماڈلز کا جائزہ لینے کے مقصد سے ہے، تاکہ بڑے شہروں کے کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھا کر کراچی کے مسائل کے حل میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں شہری انفراسٹرکچر اور پانی سے متعلق امور میں بہتری کے لیے واسا لاہور کے ساتھ تعاون بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور کا تقابل سیاسی تنازع بنانے کے بجائے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے بین المدن تعاون اور مثبت حکمت عملی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر بلال یاسین نے بھی کراچی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ واسا لاہور اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ بارشوں، نکاسی آب اور شہری سہولیات سے متعلق چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب صحافیوں نے کراچی میں سڑکوں، گڑھوں اور پانی کے دیرینہ مسائل پر بھی سوالات اٹھائے، جس پر مرتضیٰ وہاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہری بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
















