پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل تک رسائی کی دوڑ میں آج اہم معرکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں دوسرے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگزمین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
یہ فیصلہ کن مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے “کرو یا مرو” کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم فائنل میں جگہ بنا کر 3 مئی کو پشاور زلمی کے خلاف ٹائٹل کی جنگ لڑے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اپنی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ میدان میں اترے گی، جہاں سمیر منہاس، ڈیون کونوائے، چیپمین، شاداب خان اور عماد وسیم جیسے اہم کھلاڑی ٹیم کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔ ٹیم کو امید ہے کہ کوالیفائر میں ناکامی کے بعد وہ بھرپور واپسی کرے گی۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین نے سیزن کے آغاز میں مشکلات کے باوجود شاندار کم بیک کیا ہے۔ پہلے ایلیمنیٹر میں ملتان سلطانز کو شکست دے کر ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ عثمان خان، لبوشین، معاذ صداقت، میکسویل، محمد علی اور حنین شاہ جیسے کھلاڑی آج بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دونوں ٹیمیں رواں سیزن میں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں اور ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں، جس کے باعث آج کا مقابلہ مزید دلچسپ تصور کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں اس سنسنی خیز مقابلے پر جمی ہیں، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم نہ صرف فائنل میں پہنچے گی بلکہ ٹرافی جیتنے کے خواب کو بھی زندہ رکھے گی۔









