کراچی: پولیس کسٹڈی میں مبینہ تشدد سے بزرگ شہری جاں بحق

کراچی: پولیس کسٹڈی میں مبینہ تشدد سے بزرگ شہری جاں بحق

کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں پولیس حراست کے دوران ایک بزرگ شہری کی ہلاکت کے معاملے نے تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ اہلخانہ نے پولیس پر تشدد کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

اہلخانہ کے مطابق متوفی محمد تنویر کو پولیس نے حراست میں لینے کے بعد تھانے منتقل کیا جہاں ان پر مبینہ تشدد کیا گیا۔ ورثا کا دعویٰ ہے کہ تشدد کے باعث ان کی طبیعت بگڑ گئی اور بعد ازاں وہ جان کی بازی ہار گئے۔

متوفی کے بیٹے نے ایس ایچ او چوہدری نواز پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان پر گھر خالی کرانے کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی۔ اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے شفاف تحقیقات کی جائیں۔

دوسری جانب پولیس حکام نے تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ محمد تنویر ایک مقدمے میں مطلوب تھے اور گرفتاری کے دوران انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا۔

پولیس کے مطابق بزرگ شہری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی انتقال کر گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

Popular Posts

مزید خبریں