پنجاب حکومت نے تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور ’’معرکہ حق‘‘ سے متعلق مضامین شامل کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے، جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں بھی اس موضوع پر خصوصی پروگرامز کے انعقاد کی ہدایت دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران قومی شعور، یکجہتی اور حب الوطنی کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ شرکا نے فیصلہ کیا کہ نصاب میں ایسے مضامین شامل کیے جائیں گے جو قومی تاریخ، یکجہتی اور اہم قومی معرکوں سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔
کمیٹی نے فلم فنڈز کے تحت قومی یکجہتی اور معرکہ حق پر مبنی فلمیں بنانے کی تجویز بھی منظور کی، جبکہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی زندگی پر ڈراما تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں عوامی سطح پر قومی اتحاد کے فروغ کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے پر زور دیا گیا، جبکہ تعلیمی اداروں میں آگاہی دوروں اور خصوصی تقریبات کے تسلسل کی بھی سفارش کی گئی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے ہدایت دی کہ متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کریں تاکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی بروقت نشاندہی کی جا سکے اور قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
محرم الحرام کے تناظر میں اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اشتعال انگیز یا نفرت پر مبنی مواد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔
















