پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں جدید ترین ٹرو مین 3 (TrueMan 3) بولنگ مشین نصب کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق یہ جدید مشین بیٹرز کو میچ جیسی حقیقی صورتحال میں پریکٹس کا موقع فراہم کرے گی، جس سے وہ مختلف اقسام کی گیندوں اور بولرز کے ایکشن کے مطابق اپنی تیاری کو مزید مؤثر بنا سکیں گے۔
اس مشین کی نمایاں خصوصیت اس کی فرنٹ اسکرین پر نظر آنے والی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن ہے، جو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو حقیقی انداز میں ظاہر کرتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے بیٹرز گیند کی سمت، رفتار اور ریلیز کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔
مشین میں گیند کی لائن، لینتھ، رفتار، سوئنگ اور ہائٹ کو ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کوچز اور کھلاڑی مختلف گیندوں، اوورز اور مکمل اسپیلز کو محفوظ کر کے بعد میں میچ جیسی صورتحال میں دوبارہ استعمال بھی کر سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ ٹرو مین 3 جدید کرکٹ ٹیکنالوجی کا بہترین نمونہ ہے اور پی سی بی دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ ہے جس نے اس مشین کو اپنی تربیتی سہولیات کا حصہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روایتی بولنگ مشینوں میں بیٹرز کے لیے گیند کے ریلیز پوائنٹ کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے، تاہم یہ نئی مشین بولر کے ایکشن کو واضح انداز میں دکھا کر کھلاڑیوں کو حقیقی میچ جیسا تجربہ فراہم کرتی ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے بھی اس نئی ٹیکنالوجی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشین جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بیٹرز کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق بولر کے ایکشن کے ساتھ گیند کا سامنا کرنے سے ٹائمنگ اور شاٹ سلیکشن میں بہتری آئے گی، جو بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی میں مددگار ثابت ہوگی۔






