گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں کی منتقلی، گورنر سندھ نے صدر پارکنگ پلازہ کی تجویز دے دی

گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں کی منتقلی، گورنر سندھ نے صدر پارکنگ پلازہ کی تجویز دے دی

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ گل پلازہ کے دکانداروں کو عارضی طور پر صدر پارکنگ پلازہ میں منتقل کر کے کاروبار دوبارہ شروع کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا بشیر فاروقی نے بھی یہی تجویز دی ہے، اور وہ اس منتقلی کے لئے میئر کراچی کو خط لکھیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ گل پلازہ کے باہر صورتحال کشیدہ ہے اور وہاں جانا خطرناک ہو سکتا ہے، مگر انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس وقت متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں گل پلازہ کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔

کامران ٹیسوری نے واقعے پر اداروں کے فوری ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے پاک بحریہ، چیئرمین کے پی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف گل پلازہ نہیں، شہر کے تمام پلازوں کی سیفٹی اور انتظامی ذمہ داری پر سنجیدہ بات ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی دکانوں اور تعمیرات کی اجازت دینا ایک سنگین معاملہ ہے، اور ایسے واقعات روکنے کے لئے قوانین موجود ہیں مگر عملدرآمد کمزور ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس سانحے سے سبق لینا ہوگا، اگر کوئی پلازہ قانون کے خلاف بنا ہوا ہے یا بن رہا ہے تو اسے روکنا ہوگا، تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو۔

Popular Posts

مزید خبریں