Bureau of Emigration and Overseas Employment نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہش مند پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملازمت کی پیشکش قبول کرنے اور سفر سے قبل اس کی قانونی حیثیت کی لازمی تصدیق کریں۔
بیورو کی ویب سائٹ پر مختلف ممالک میں موجود ہزاروں خالی آسامیاں دستیاب ہیں، جہاں امیدوار نہ صرف بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں بلکہ ان کی تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔
بیورو کے مطابق ویب سائٹ کے ذریعے کسی بھی لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی کی جانب سے پیش کی جانے والی ملازمت کی تفصیلات اور قانونی حیثیت کی جانچ ممکن ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کو بھرتی کی اجازت اسی وقت جاری کرتا ہے جب آجر کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کی ایمیگریشن رولز 1979 کے تحت مقررہ اداروں، جن میں پاکستانی سفارت خانے، متعلقہ ملک کی وزارتِ خارجہ یا پاکستان میں قائم اس ملک کا سفارت خانہ شامل ہیں، سے تصدیق ہو جائے۔
بیورو کے مطابق بھرتی کے لیے جاری کیے جانے والے ہر اجازت نامے کو ایک منفرد نمبر دیا جاتا ہے، جس کا اشتہارات میں درج ہونا لازمی ہے۔
اجازت نامے کے اجرا کے بعد متعلقہ خالی آسامیاں خودکار نظام کے تحت ایک پرمیشن ٹریکنگ نمبر (PTN) کے ساتھ بیورو کی ویب سائٹ پر ظاہر ہو جاتی ہیں اور مقررہ مدت ختم ہونے یا بھرتی مکمل ہونے پر خودکار طور پر ہٹا دی جاتی ہیں۔
بیورو نے واضح کیا ہے کہ ان آسامیوں پر بھرتی کیے جانے والے افراد کی ملازمت اور معاہدے سے متعلق تمام ذمہ داری متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی پر عائد ہوتی ہے، جبکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متاثرہ افراد بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ یا پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس سے رجوع کر سکتے ہیں۔















