وسطی و بالائی سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ، 3 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان

وسطی و بالائی سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ، 3 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے وسطی اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں کے لیے شدید گرمی کی لہر سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ ہیٹ ویو کی صورتحال 3 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے۔

موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور خشک موسم کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ہیٹ ویو سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں، جہاں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم شہر میں فی الحال ہیٹ ویو جیسی صورتحال متوقع نہیں۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

طبی ماہرین اور انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Popular Posts

مزید خبریں