ڈرگ کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی مختلف خبروں کے بعد حکام نے باضابطہ طور پر کارروائی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق انمول عرف پنکی کو 12 مئی کو کراچی میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، جس میں وفاقی حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں ملزمہ کے قبضے سے ڈیڑھ کلو کوکین اور منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمہ کے خلاف سندھ بھر میں متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں پرانے مقدمات کے علاوہ سنگین نوعیت کے کیسز بھی شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ کیس کی حساسیت کے پیش نظر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ شفاف تفتیش یقینی بنانے کے لیے نئی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے پھیلاؤ میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا، کیونکہ یہ مسئلہ معاشرے خصوصاً نوجوان نسل کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔















