منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کے قریبی اہل خانہ اور سابق شوہروں کے ممکنہ بیرون ملک فرار کے خدشات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی حکام نے ملزمہ کے دو سابق شوہروں اور دو بھائیوں کے نام سفری نگرانی کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو درخواست ارسال کر دی ہے تاکہ انہیں ملک چھوڑنے سے روکا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام نے مطلوب افراد کی شناختی تفصیلات اور دیگر ضروری معلومات متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کر دی ہیں، جبکہ ان افراد سے کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش متوقع ہے۔
پولیس کے مطابق بعض افراد کے ممکنہ طور پر ملک سے فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر حساس اداروں کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے تاکہ نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام ممکنہ سہولت کاروں، رابطہ کاروں اور نیٹ ورک سے وابستہ افراد کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
حکام کے مطابق مقصد یہ ہے کہ منشیات کے مبینہ نیٹ ورک سے جڑے تمام عناصر کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور کسی بھی ممکنہ فرار کو بروقت روکا جا سکے۔
















