روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دو روزہ سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کیا۔
کریملن کے مطابق صدر پیوٹن اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق روس اور چین کے درمیان تقریباً 240 ارب ڈالر کی تجارت اب امریکی ڈالر کے بجائے روبل اور یوآن میں کی جائے گی۔ دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ مقامی کرنسی میں لین دین سے مغربی پابندیوں کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان کریملن کے مطابق ملاقات میں توانائی کے نئے منصوبوں، خصوصاً گیس پائپ لائن سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے، جبکہ باہمی اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چین روسی تیل خریدنے والے دنیا کے بڑے ممالک میں شامل ہے اور دونوں ممالک حالیہ برسوں میں اپنے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔










