پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپریل 2026 کے دوران غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی، جہاں مارکیٹ میں تیزی کے ساتھ نئے سرمایہ کاروں کی شمولیت نے بھی ریکارڈ قائم کر دیا۔
نیشنل کلئیرنگ کمپنی آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک ماہ میں 25 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس کھولے گئے، جو سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان میں نارمل، سہولت اور کارپوریٹ اکاؤنٹس شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق نوجوان طبقے نے اسٹاک مارکیٹ میں سب سے زیادہ دلچسپی دکھائی، خاص طور پر 18 سے 30 سال کی عمر کے مرد سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے نئے اکاؤنٹس کھلوائے، جبکہ اسی عمر کی خواتین کی شرکت میں بھی واضح اضافہ دیکھا گیا۔
31 سے 45 سال کی عمر کے سرمایہ کاروں نے بھی مارکیٹ میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی، جبکہ درمیانی اور بزرگ عمر کے گروپس سے بھی نئے اکاؤنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی سطح پر پنجاب اور سندھ سرمایہ کاری کے لحاظ سے سرفہرست رہے، جہاں سب سے زیادہ نئے اکاؤنٹس رجسٹر کیے گئے۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں بڑھتی سرگرمی اس بات کی علامت ہے کہ نوجوان نسل اور نئے سرمایہ کار روایتی بچت کے بجائے سرمایہ کاری کے جدید ذرائع کی جانب زیادہ مائل ہو رہے ہیں۔ مجموعی طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کار اکاؤنٹس کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے، جو ملکی سرمایہ کاری کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔











